(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مصرکی وزارت خارجہ نے اسرائیل کے مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی آباد کاروں کیلئے نئے مکانات کی تعمیر کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی اداروں کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قراردیا ہے۔
مصری وزارت خارجہ کے ترجمان احمد حافظ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں قابض صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی آباد کاری کے نئے منصوبے کی شدید مذمت کی ہے جس میں اسرائیلی حکومت نے القدس میں غیر قانونی صیہونی آبادکاروں کیلئے 8300 نئے مکانات تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اپنے بیا میں احمد حافظ نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں غیر قانونی صیہونی آبادکاروں کیلئے رہائشی اور صنعتی تعمیرات کا اسرائیلی اعلان اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں بیت المقدس میں اسرائیلی بلدیہ کے نام نہاد میئر ‘موشے لیئون’ نے کہا تھا کہ بلدیہ نے 20 سالہ تعمیراتی منصوبہ شروع کیا ہے جس کے پہلے مرحلے پر بیت المقدس میں یہودیوں کو بسانے کے لیے 8 ہزار 300 مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔