(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) انڈونیشی وزارت خارجہ نے ذرائع ابلا غ میں انڈونیشیا کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل سے تعلقات کا کوئی ارادہ نہیں۔
انڈونیشیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان تیوکو فائزشاہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ذرائع ابلاغ میں شائع خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انڈونیشیا کی حکومت اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے پرغور کر رہی ہے۔
اپنے جاری بیان میں تیوکو فائزشاہ نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ کے اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے روابط نہیںہیں، انڈونیشیا کی حکومت اور وزارت خارجہ فلسطینیوں کی معاونت اور حمایت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، فلسطینی قوم کی معاونت ہمارے دستور کا حصہ ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیل کے ایک کثیرالاشاعت عبرانی اخبار’یسرائیل ھیوم’ نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ چند روز قبل انڈونیشیا کا ایک غیر سفارتی وفد تل ابیب کے دورے پرآیا تھا۔ اس وفد نے اسرائیلی حکام کے ساتھ بھی ملاقات کی ہے۔ ایک بڑے ایشیائی مسلمان ملک کے سربراہ کے مشیر بھی اس وفد میں موجود تھے۔