(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیل کے وزیر خارجہ نے بھوٹان کے ساتھ تعلقات کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اس کو اسرائیل کے ایشیا میں بڑھتے ہوئے تعلقات کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
خلیجی اور افریقی ممالک کے بعد جنوبی ایشائی ملک بھوٹان نے بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے اور سفارتی تعلقات استوار کرنے کیلئے اسرائیل کے ساتھ معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں ۔
باضابطہ اور مکمل سفارتی تعلقات کے قیام کے معاہدے پر دستخط کی تقریب بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اسرائیلی سفیر رون ملکا کے گھر منعقد ہوئی۔
اسرائیل کے وزیر خارجہ گابی اشکنازی نے بھوٹان کے اسرائیل سے تعلقات استوار کرنے کے فیصلے کو سراہا ہے اور اس کو اسرائیل کے ایشیا میں بڑھتے ہوئے تعلقات کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا دائرہ کار وسیع ہوتا جارہا ہے اور توقع ظاہر کی کہ بھوٹان کے بادشاہ آیندہ سال اسرائیل کا دورہ کریں گے جہاں وہ ان کا خیرمقدم کریں گے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے بھی بھوٹان کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کا خیر مقدم کیا اور اس کو عرب ممالک کے ساتھ حالیہ امن معاہدوں کا ثمر قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے خواہاں بعض دیگر ممالک سے بھی رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل امریکا کی ثالثی میں مراکش اور اسرائیل نے تعلقات قائم کرنے کے لیے معاہدے پر اتفاق کرلیا تھا۔