(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے سات افراد جاں بحق، 586 نئے کیسز ریکارڈ کئے گئے شہر میں متاثرین کی کل تعداد 26،817 تک پہنچ گئی۔
شہر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سخت حکومتی اقدامات جاری ہیں تاہم عالمی وباء کے نئے کیسز میں کمی دیکھنے میں نہیں آرہی ہے، وزارت صحت کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق آج غزہ میں کورونا وائرس کے مزید 586 نئے متاثرین کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ مہلک وائرس سے متاثر ہونے کے بعد 7 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں ۔
وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے وزارت صحت کی تجویز پر وزارت داخلہ نے غزہ شہر میں دو روز کیلئے کرفیو نافذ کردیا ہے تاہم اسپتال ، میڈیکل اسٹورز اشیائے خوردنوش کے مقامات کو کرفیو سے استثنیٰ حاصل ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتےہوئے وزارت صحت کے ترجمان ایاد البزم نے جمعہ اور ہفتےکے روز مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کرتےہوئے کہا تھا کہ غزہ میں کورونا وائرس کے کیسز میں غیر معمولی اضافہ دیکھنےمیں آرہا ہے اگر فوری اقدامات نا کئے گئے تو صورتحال تشویشناک ہوسکتی ہے ۔