(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی مزاحمتی تحریک کا کہنا ہے کہ ایرانی سائنسدان کو امریکا اور اسرائیل نے ایک طے شدہ منصوبے کے تحت قتل کیا جس کی بنیادی وجہ ایران کا غاصب صہیونی ریاست کے وجود کو تسلیم کرنے سے انکاراور خطے میں امریکی بالادستی کے خلاف ہےمضبوطی سے کھڑے رہنا ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں صیہونی بربریت کے خلاف مزاحمتی تحریک عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے ایران کے جوہری سائنسدان ڈاکٹر محسن فخری زادہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فخری زادہ کا قاتل ایک بین الاقوامی جنگی جرم ہے۔
عوامی محاذ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی سائنسدان کو حملے کا نشانہ بنا کر ایران کی سائنسی اور عسکری صلاحیت کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی گئی ہے۔
عوامی محاذ نے مزید کہا کہ ایرانی سائنسدان پرحملے میں اسرائیل کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت ملے ہیں ۔ یہ اسرائیل اور امریکا کے سوا اور کسی کی سازش نہیں ہوسکتی۔ اسرائیل نے ایرانی جوہری سائنسدان کو نشانہ بنا کر خطے میں ایرانی عسکری اور سائنسی صلاحیت کو تباہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس سے قبل اسرائیل مصری اور عراقی سائنسدانوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ خطے کے دوسرے ممالک کی سائنسی ترقی کو بھی نشانہ بنا چکا ہے۔