(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ صیہونی ریاست کو تسلیم کرنے کے حوالے سے سعودی عرب کی جانب سے کوئی دباؤنہیں ہے پاکستان اپنے تاریخی مؤقف پر قائم ہے۔
گزشتہ روز نجی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹر ویو میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اسرائیل کے حوالے سے جاری بحث پر پاکستان کے تاریخی مؤقف کو دوہراتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان پر صیہونی ریاست کو تسلیم کرنے کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں ہے سعودی عرب سے معاملات بالکل ٹھیک ہیں،آج ہی پیشرفت ہوئی ہے اور سعودی عرب نے نئی ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن لانچ کی ہے جس میں 5 سے 6 ممالک کو دعوت دی گئی جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ اسلامی تعاون تنظیم ( اوآئی سی) اجلاس کے ایجنڈے میں کشمیر شامل نہ ہونے کی خبر غلط ہے، بھارت قیاس آرائیاں کررہا ہے ، بھارتی میڈیا حقائق کے برعکس معاملہ اچھال رہا ہے، او آئی سی کا مؤقف جو کشمیر پر پہلے تھا اب بھی وہی ہے،بھارت کو ناکامی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری درخواست پر او آئی سی نے خصوصی وفد کمشیر بھیجا، ہم نے اجازت دی ،بھارت نے اجازت نہیں دی، خصوصی وفد نے کشمیر سے متعلق اپنی رپورٹ مرتب کرلی ہے جو کل کے اجلاس میں پیش ہوگی، او آئی سی سے توقع ہےکہ مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک مؤقف آئےگا۔