(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مسجد اقصیٰ کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں یہودی مذہبی اسکول کا قیام ایک گہری سازش ہے جس کا مقصد مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی ریاست کے غاصبانہ تسلط کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنا ہے۔
مسجد اقصیٰ کے ڈائریکٹر الشیخ عمر الکسوانی نے غیر قانونی صیہونی آباکاروں کی جانب سے ریاستی سرپرستی میں مسجد اقصیٰ میں یہودی مذہبی اسکول کے قیام کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ القدس اور مسجد اقصیٰ پر صرف مسلمانوں کا حق ہے اور اس پر کسی کو اعتراض کی گنجائش نہیں۔
انھوں نے صیہونی فوج اور پولیس کی طرف سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں اور پابندیوں کے باوجود فلسطینیوں کی قبلہ اول میں آمد کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی وباء کورونا کے نام پر فلسطینیوں کے قبلہ اول میں داخلے پرپابندیوں اور القدس کے شہریوں کو قبلہ اول سے بے دخل کرنے کی سازشیں بے سود ہیں ۔
واضح رہے کہ مسجد اقصیٰ کرونا وبا کی وجہ سے کئی ماہ تک بند رہی۔ حال ہی میں مسجد اقصیٰ کو نمازیوں کے لیے کھولا گیا ہے۔ اس موقعے پر نمازیوں نے کرونا وبا کے حوالے سے طبی اور حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔