(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی مزاحمتی تحریک نے کہا ہے کہ صیہونی وزیراعظم کا استقبال سعودی عرب کی سیاسی شکست، القدس، مکہ معظمہ ، مدینہ منورہ، مسجد اقصیٰ اور القدس کے ساتھ غداری ہے۔
صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے خفیہ دورہ سعودی عرب پر فلسطینی قیادت کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیاہے ، فلسطینی مزاحمتی تحریک
اسلامی جہاد کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں صیہونی وزیراعظم کے سعودی عرب کے خفیہ دورے کو عالم اسلام، مکہ معظمہ، مدینہ منورہ اور مقبوضہ بیت المقدس کے ساتھ غداری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی عہدیداروں کے سعودی عرب کے دوستانہ دورے ارض مقدس کے خلاف صہیونی ریاست کے جارحانہ اور گھاؤنے عزائم کو آگے بڑھانے کی حوصلہ افزائی کے ساتھ فلسطینی قوم ہی نہیں بلکہ پوری مسلم امہ اور اس کے مقدسات کو ہدف بنانے کے مترادف ہیں۔
واضح رہے کہ صیہونی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ اتوار کے روز وزیراعظم نیتن یاھو نے سعودی عرب کا خفیہ دورہ کیا اور نیوم شہر میں نتین یاھو نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی تاہم سعودی وزیرخارجہ نے ایسی کسی خفیہ ملاقات کی تردید کی ہے ۔