(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اس وقت صیہونی زندانوںمیں خواتین اوربچوں سمیت 3ہزار سے زائد فلسطینی قید ہیں جن میں سے اکثریت بغیر کسی جرم کے انتظامی حراست کے قانون کے تحت قید ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے شہر طولکرم میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ریڈ کراس کے دفتر کے سامنے صیہونی زندانوں میں بغیر کسی جرم کے قید فلسطینیوں کے اہلخانہ ، انسانی حقوق کے کارکنان اور سماجی کارکنان کی بڑی تعداد نے پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
مظاہرین نے ہاتھوںمیں پلے کارڈ اور بینر ز اٹھا رکھے تھے جس پر انتظا می حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت گرفتار فلسطینیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا تھا جبکہ اسرائیلی جیلوںمیں قید فلسطینیوں کی ناگفتہ بہ حالت پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا ۔