(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل کے دفاعی تجزیہ کارنے انکشاف کیا ہے کہ صہیونی فوج کی قیادت غزہ میں حماس کے ساتھ طویل مدتی امن معاہدے کیلئے تیار ہے۔
صیہونی ریاست کے معروف عبرانی اخبار يديعوت احرنوت میں اپنے ایک مضمون میں اسرائیل کے ایک دفاعی تجزیہ کار”يوسی يهوشع”نے انکشاف کیا ہے کہ صیہونی فوجی قیادت مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ساتھ ایک طویل مدتی امن معاہدہ کرنے کے خواہشمند ہیں ، اس سلسلے میں اسرائیلی وزیر جنگ اور اسرائیلی چیف آف اسٹاف تیزی سے عمل درآمد کرنے کے خواہاں ہیں ۔
انھوں نے اپنےمضمون میں اسرائیل کی فوجی برتری ہونے کے باوجود غزہ سے داغے جانے والے راکٹوں کو روکنے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی قیادت چاہتی ہے کہ حماس کے راکٹوں سے اسرائیلی شہریوں اور املاک کو بچایا جائے اس کیلئے ایک طویل مدتی امن معاہدہ ناگزیر ہے ۔