(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ صیہونی زندان میں شہید کمال ابو وعر کی شہادت کی تمام تر ذمہ داری صہیونی ریاست پرعاید ہوتی ہے۔
اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ صیہونی زندان میں صیہونی حکام کی مجرمانہ غفلت کے باعث شہید ہونے والے 46 سالہ کمال ابو وعر کے اہلخانہ سے ٹیلیفون پر تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمال ابو وعر کی شہادت کی تمام تر ذمہ داری قابض صہیونی ریاست پرعاید ہوتی ہے جس کی مجرمانہ ہٹ دھرمی کے نتیجے میں فلسطینی اسیران کی زندگی خطرے میں پڑ چکی ہے۔
اسرائیلی ریاست کے مظالم کا مقابلہ کرتے ہوئے میدان میں جام شہادت نوش کرنے والے اور اسرائیلی زندانوں میں قید وبند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں اور ان کی قربانیوں کو رائے گاں نہیں جانے دیا جائے گا، فلسطینی اسیران کی رہائی حماس کی پہلی ترجیح میں شامل ہے۔