(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) خطیب مسجد اقصیٰ نے کہا ہے کہ تمام فلسطینی اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرکے قومی مصالحت کا عمل مکمل کرکے ملک میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کی راہ ہموار کی جائے۔
گزشتہ روز مسجد اقصیٰ میںنماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے قبلہ اول کے خطیب الشیخ محمد حسین نے فلسطینی قوتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کر کے قومی مصالحت کا عمل مکمل کریں ، باہمی اختلافات کو ختم کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ستمبر میں بیروت میں ہونے والی کل جماعتی فلسطین کانفرنس کے فیصلوں پرعمل درآمد یقینی بنایا جائے اور اس کے بعد ملک میں انتخابات کرائے جائیں۔
فلسطینی عالم دین کا کہنا تھا کہ قوم لیڈروں کی طرف سے قومی مصالحت کے حوالے سے بیانات بہت سن چکی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ قوم کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے حقیقی معنوں میںاتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ نازک مرحلے میں الاقصیٰ اور القدس کو للچائی نظروں سے دیکھنے اور قضیہ فلسطین کو ختم کرنے والے جمع ہو رہے ہیں۔
ایسے میں فلسطینی قوتوں کا اتحاد ناگزیر ہے۔الشیخ محمد حسین کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ کا تحفظ، شہدا اور اسیران کی قربانیوں کو القدس کی آزادی اور قومی حقوق کے حصول کے لیے فلسطینیوں کو ایک صف میں کھڑا ہونا ہوگا۔