(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ عالمی وباء کو روکنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات غیر اطمینان بخش ثابت ہورہے ہیں ، حالات میں بہتری نہ آنے کی صورت میں دوبارہ بھرپور لاک ڈاؤن نافذکیا جاسکتا ہے۔
مقبوضہ فلسطین کے شہر رام اللہ میں کورونا وائرس کے حوالے سے پریس بریفنگ دیتے ہوئے وزیر صحت می الکیلہ نے کہا ہے کہ ملک میں عالمی وباءکی صورتحال پریشان کن ہوگئی ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مہلک وائرس نے 6 افراد کی جان لے لی ہے جبکہ 540 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی ہے ۔
انھوں نےبتایا کہ حکومتی اقدامات کے باجود عالمی وباء پر قابو پانے میں مکمل کامیابی حاصل نہیں ہورہی ہے جس کے باعث ممکن ہے کہ دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کردیا جائے ۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تفصیلات میں انکا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون کا تعلق جنین کے علاقے الیامون سے ہے جبکہ عسکر کیمپ کی ایک اور خاتون ، نابلس میں عصيرة الشمالية کی ایک خاتون کے علاوہ طولکرم کے ایک مرد کے علاوہ الخلیل کا ایک مرد شہری بھی شامل ہے ۔