(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) درجنوں شرپسند صیہونی آبادکاروں نے سیکیورٹی فورسز کے حفاظتی حصار میں قبلہ اول پر دھاوا بولا اور مقدس مقامات کے تقدس کو پامال کیا۔
گزشتہ روز قابض صیہونی فوج اور پولیس کے حفاظتی حصار میں درجنوں شرپسند صیہونی آبادکاروں جن میں یہودی طلباء اور صہیونی انٹیلی جنس حکام بھی شامل تھے انھوں نے انتہاپسند صیہونی مذہبی رہنما یہودا گلیک کی سربراہی میں قبلہ اول میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
یہودی آباد کار الگ الگ گروپوں کی شکل میں قبلہ اول میں داخل ہوئے۔یہودی آباد کاروں کے ہمراہ مسجد اقصیٰ پر دھاوے بولنے والوں میں اسرائیلی اسپیشل فورسز کے اہلکار بھی شامل تھے جو سنہ 1967ء سے زیرقبضہ مراکشی دروازے کے راستے مسجد اقصیٰ میں داخل ہوتے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کرتے رہے۔خیال رہے کہ مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے منظم دھاووں کا سلسلہ روز کا معمول بن چکا ہے۔ یہودی انتہا پسند گروپ ہیکل سلیمانی کے مزعومہ دعوے کی آڑ میں مراکشی دوازے سے مسجد اقصیٰ میں جاتے اور باب السلسلہ سے واپس جاتے ہیں۔