(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غاصب اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مغرب میں واقع قلندیہ قصبے میں فلسطینی شہریوں کو نوٹسز جاری کئے جس میں انھیں فوری طور پر اپنے گھروں اور دیگر املاک کی تعمیر روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق ، صیہونی فوج نے گزشتہ روز غیر قانونی صیہونی آبادی کے قریب فلسطینی قصبے قلندیہ کے درجنوں فلسطینی خاندانوں کو تعمیراتی سرگرمیوں کو فوری طور پر روکنے کیلئے نوٹسز جاری کئے ہیں جس کے تحت اب تعمیرات کرنا جرم جبکہ تعمیرات کو مسمار نا کرنے پر قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے ۔
واضح رہے کہ قابض صیہونی ریاست کی جانب سے فلسطینی شہریوں کے گھروں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسمار ی کی مہم جاری ہے اور گزشتہ 10 سالوں کے دوران اسرائیلی فوج نے 50 ہزار کے قریب فلسطینیوں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے انھیں بے گھر کردیا ہے ۔