(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) جرمنی میں متحدہ عرب امارات اور اسرائیلی وزرائے خارجہ کی ملاقات کےموقع پر جرمن وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ امید ہے کہ اس ملاقات سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مضبوطی لانے اور مشرق وسطیٰ میں امن کوششوں کو فروغ ملے گا۔
تفصیلات کےمطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان اور فلسطین پر قابض صیہونی ریاست اسرائیل کے وزیر خارجہ گابی اشکنازی نے جرمنی کے دارلحکومت برلن میں اپنی پہلی تاریخی ملاقات کی اس موقع پر جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکوماس بھی موجود تھے ۔
جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا کہ ‘یہ ہمارے لیے بہت فخر کی بات ہے کہ اسرائیلی اور اماراتی وزرائے خارجہ نے اپنی تاریخی پہلی ملاقات کے لیے برلن کا انتخاب کیا ہے۔’
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ‘سفارتکاری میں سب سے اہم کرنسی بھروسہ ہے اور میں ذاتی طور پر اپنے دونوں ہم منصبوں کا جرمنی پر اس اعتماد کے اظہار پر شکر گزار ہوں اور امید کرتا ہوں کے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مضبوطی لانے اور مشرق وسطیٰ میں امن کوششوں کو فروغ ملے گا۔
انھوں نےکہا کہ جرمنی، اسرائیل کا مضبوط حامی ملک ہے لیکن ساتھ ہی اس کی آبادکاری پالیسیوں کا ناقد بھی ہے اور ‘دوریاستی’ حل کے لیے فلسطین کی حمایت بھی کرتا ہے۔