(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) امریکا کی دو معروف یونیورسٹیز کے طلباء نے فلسطین پر قابض صیہونی ریاست اسرائیل میں امریکی سرمایہ کاری کو واپس لینے اور اس کا مکمل بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی ‘اورپانا شامپین’UIUC اور نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی کے طلبا کونسلوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صہیونی ریاست میں سرمایہ کاری واپس لی جائے، اپنے مطالبے میں طلبا ء کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں اور اداروں کی جانب سے صہیونی ریاست میں سرمایہ کاری اسرائیلی فوج کی مدد اور بے گناہ فلسطینیوں کو جیلوں میں ڈالنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا کی دو جامعات کی طرف سے اسرائیل میں سرمایہ کاری واپس لینے کا مطالبہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری طرف امریکی حکومت اسرائیل کے بائیکاٹ کرنے والی عالمی تحریک’BDS’ کے خلاف انتقامی حربوں اور تنظیم کے خلاف سخت قوانین وضع کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ اس وقت امریکا میں اسرائیل نواز لابی پوری طاقت کے ساتھ سرگرم عمل ہے۔