(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل میں امریکی سفیر نے کہا ہے کہ امریکا مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم کرنےکے فیصلے پر قائم ہےجو کم سے کم ایک سال کیلئےملتوی کیا گیا ہے منسوخ نہیں ۔
فلسطین پر قابض صیہونی ریاست اسرائیل میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈ مین نے اسرائیلی فوج کے ریڈیو کو دیئے گئے حالیہ انٹرویومیں مقبوضہ فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے 80فیصد علاقے کو صیہونی ریاست میں ضم کرنے کے امریکی اعلان کی تشریح کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم کرنے کا فیصلہ منسوخ نہیں کیا گیا بلکہ اسے کچھ عرصے کے لیے ملتوی کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت کو سفارتی ، نظریاتی اور علاقائی سطح پر اسرائیل میں توسیع کرنے کا پورا حق ہے اور اس کیلئے اسرائیل کو تمام حاصل وسائل کو بروئے کار لانا بھی چاہئے ۔
قبل ازیںامریکی سفیر نے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ غرب اردن کے علاقے کو اسرائیل میں شامل کرنے کے معاملے کو حتمی طور پر نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا تھا جب متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ کرنے کے بعد یہ اعلان کیا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کے نتیجے میں اسرائیل نے غرب اردن کے علاقوں کا الحاق روک دیا ہے۔