(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)مسجد اقصیٰ کے امام اور خطیب ، سپریم اسلامی کونسل کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ صہیونی ریاست کی جانب سے مسجد اقصیٰ کوعالمی وباء کورونا وائرس کی آڑمیںبند کرنا بحران کو دانستہ طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کرنا ہے اور یہودی آبادکاروں کو قبلہ اول پر دھاووں کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مسجد اقصیٰ کے امام اور خطیب ، سپریم اسلامی کونسل کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق صہیونی حکومت عالمی وباء کوروناوائرس کی روک تھام کے لیے تمام ضروری اقدامات کی بجائے مسجد کو سیل کرنے کی مذموم منصوبہ بندی کررہی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی آڑ میں اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ کو نمازیوں کے لیے بند کرنا قبول نہیں، صہیونی حکومت کی یہ چال القدس کے فلسطینی مسلمانوں کو مسجد میں داخل ہونے سے روکنا اور یہودی آباد کاروںکو قبلہ اول پر دھاووں میں مدد فراہم کرنے کی راہ ہموار کرنےکے سوا کچھ نہیں ہے ۔
الشیخ عکرمہ صبری نے فلسطینی شہریوں پر زور دیا کہ وہ مسجد میں نماز کے لیے آنے کا سلسلہ جاری رکھیں اور وباء کی روک تھام کے لیے ضروری حفاظتی انتظامات کو یقینی بنا تے ہوئےنماز کے لیے وضو گھر سے کرکے آئیں جبکہ چہرے کو ماسک سے ڈھانپیں اور اپنے لیےمصلیٰ ساتھ لائیں۔
واضح رہےکہ کورونا وائرس کی وباء پھیلنے کے بعد سے صہیونی حکام فلسطینی مسلمانوں کومتعدد مرتبہ مسجد اقصی سےحفاظتی انتظامات کا بہانہ بناکر بےدخل کر چکی ہے مگر یہودی شر پسند آبادکاروں کو پولیس اورفوج کی حفاظت میں مسجد میں داخل ہوکر مقدس مقامات کی بے حرمتی کے موقع فراہم کرتی ہے ۔