(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)مظاہرین نے صیہونی ریاست کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے فیصلے پر غم اور غصے کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تیونس کے دارالحکومت تونس میں صیہونی ریاست کی جانب سے عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے اقدامات پر نظررکھنےکیلئے قائم کردہ کوآرڈینیشن کمیٹی اور تیونس کے غیر سرکاری ادارے "ٹوایلو پارٹیز ” کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے فلسطین پر قابض صیہونی ریاست کے خلاف نعرے بازی کی۔
دارالحکومت میں ابن الخلدون کے مجسمے کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کو اسلام دشمنی قرار دیتے ہوئے تعلقات کو فوری منقطع کرنے کا مطالبہ کیا ۔