(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) وزیر خارجہ نے امارات اور صیہونی حکومت کے درمیان تعلقات معمول پر آنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو چیز معمول پر آئی ہے وہ صرف فلسطینیوں کی گردن پر صہیونیوں کے گھٹنے کا دباؤ ہے۔
ایران کے موجودہ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے گزشتہ روز اپنے ٹوئیٹر پیج پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں صہیونی فوجی فلسطینی شہری کی گردن پر گھٹنا رکھے ہوئے ہے انہوں نے اس تصویر کے حوالے سے صہیونی مظالم پر ٹوئیٹ کیا ہے جو کہ ملت اسلامیہ کی خاموشی پر ایک طنز ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانا؟ وہ واحد چیز جو معمول پر آئی ہےیہی فلسطینیوں کی گردن پر صہیونیوں کے گھٹنے کا دباؤہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک صہیونی فوجی ایک درمیانی عمر کے فلسطینی باشندے کی گردن پر اپنا گھٹنا رکھ کر دبا رہا ہےجسے غرب اردن میں ایک مظاہرے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا جبکہ صہیونی ریاست اسرائیل اور متحدہ عرب امارات نے حال ہی میں اپنے تعلقات کو معمول پر لانے کا اعلان کیا ہےجس کی فلسطین سمیت پوری دنیا میں مخالفت کی جارہی ہے۔