(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی حکام کا کہنا ہے کہ مسجد قعقاع اسرائیلی بلدیہ کی اجازت کے بغیر تعمیر کی گئی ہے اس لئے اس کی مسماری کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
مقبوضہ القدس میں دفاع اراضی کمیٹی کے رکن خالد ابو تایہ نے مقامی میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ قابض صہیونی حکام نے عین اللوزہ کے مقام پر واقع مسجد القعقاع کی انتظامیہ کو ایک تحریری نوٹس بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دو منزلہ مسجد قعقاع اسرائیلی بلدیہ کی اجازت کے بغیر تعمیر کی گئی تھی اس لئے اس مسجد کو مسمار کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے اور اس جگہ کو یہودیوں کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ عین اللوزہ میں یہ واحد مسجد ہے جس میں کم سے کم سات ہزار فلسطینی نماز ادا کرتے ہیں۔ یہ مسجد مخیر حضرات کے تعاون سے تعمیر کی گئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ مسجد کی شہادت کے حکم کے پیچھے صہیونی ریاست کی مقامی فلسطینی آبادی کو بے دخل کرنے کی سازش کار فرما ہے۔