(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) الشیخ راید صلاح نے صہیونی قید خانے میں ڈالے جانےسے قبل اپنے پیغام میں کہا ہےکہ قبلہ اول کے دفاع کے لیے ہمیں صہیونی جیلوں میں قید منظور ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز فلسطین کے بزرگ رہ نما اور اسلامی تحریک کے امیر الشیخ راید صلاح نے صہیونی جیل خانے میں ڈالے جانےسے قبل اپنے پیغام میں کہا ہے کہ فلسطینی قوم قبلہ اول سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں اور دفاع قبلہ اول کی آزادی کی تحریکیں جاری رکھیں۔
الشیخ راید صلاح کا کہنا تھا کہ مسجد اقصی کی بات ہر پلیٹ فارم پر کرتے رہیں گے اور مسجد اقصی کی بے حرمتی کرنے والے یہودی آباد کاروں کے دھاووں کی مذمت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اپنے مذموم ہتھکنڈوں سے چاہتا ہے کہ ہم مسجدا قصیٰکو فراموش کردیں مگر ایسا نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ہمیں جیلوں میں ڈال کر ہمارے عزائم اور حوصلے پست نہیں کرسکتا، قبلہ اول کے دفاع کے لیے ہمیں اسرائیلی جیلوں میں قید منظور ہے، ہم نے آزادی اور خوشی سے جیل میں قید قبول کی ہے اسی میں ہمارے دائمی اصولوں اور مطالبات کی فتح ہے۔
واضح رہے کہ بزرگ فلسطینی رہ نما الشیخ راید صلاح کو گذشتہ روز اسرائیلی پولیس نے حراست میں لینے کے بعد الجلمہ جیل میں ڈال دیا تھا۔ ان پر اسرائیل کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کرنے اور اسلامی تحریک کی قیادت کرتے ہوئے مسجد اقصیٰ کے دفاع کے لیے سرگرمیوں میں حصہ لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔