(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)صیہونی فوج کے ہاتھوں ایک ماہ میں گرفتارہونے والوں میں 32 بچے اور 10 خواتین بھی شامل ہیں،القدس سے201 فلسطینیوں کو پابند سلاسل کیا گیا۔
ہیومن رائٹس فاؤنڈیشن کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ جولائی کےمہینے میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجودصیہونی فوج نے روزانہ کی بنیاد پر فلسطینیوں کی گرفتاریاں اور اغواء کی کارووائیاں جاری رکھیں، گزشتہ ایک ماہ کے دوران صیہونی فوج نے 32 بچے اور 10 خواتین سمیت 429 فلسطینیوں کو گرفتارکیا، سب سے زیادہ گرفتاریاں القدس سے کی گئیں جہاں سے 201 فلسطینیوں کو پابند سلاسل کیا گیا۔
قابض فوج نے رام اللہ اور البیرہ سے 46 شہریوں، جنوبی شہر الخلیل سے 35، شمالی شہر جنین سے 34 اور جنوبی بیت المقدس سے 22 شہریوں کو گرفتار کیا۔
قابض فورسز نے غزہ کی پٹی سے 13 ، نابلس سے 20 ، طولکرم سے 15 ، قلقیلیہ سے 17 ، اریحا سے آٹھ ، طوباس 15 سلفیت سے تین فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔قابض ریاست کی جیلوں میں قیدیوں کی تعداد کے بارے میں بتایا گیا ہے 2020ء جولائی تک 4،500 فلسطینی پابند سلاسل ہیں۔41 خواتین اور 160 کے قریب بچے شامل ہیں۔