(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض صیہونی فوج نے فلسطینیوں کے خلاف جاری مسماری مہم کے تحت مقبوضہ بیت المقدس میں 2 مزید فلسطینی گھرانوں کو بے گھر کردیا جبکہ ایک دوکان کو بھی غیر قانونی قرار دیتے ہوئے منہدم کردیا۔
مقامی ذرائع کےمطابق آج صبح صہیونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے ضلع سلوان میں 2 فلسطینی گھروں اور ایک حجام کی دوکان کو غیرقانونی قراردیتے ہوئےمسمارکردیا ، مسمار کئے جانے والے دونوں گھروں میں خواتین اوربچوں سمیت مجموعی طور پر 16 افرادرہائش پزیر تھے جو اب کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔
مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کیلئےکام کرنے والی تنظیم "المیزان ” کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران صیہونی فوج نے 75 سے زائد فلسطینیوں کے گھروں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسمار کیا ہے جس کے نتیجے میں ڈیڑھ سو سے زائد فلسطینی جن میں بزرگ ،خواتین اور بچے بھی شامل ہیں بے گھر ہوچکے ہیں ۔