(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی فوج نےفلسطینی علاقےمغیر پر بھاری مقدار میں آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجےمیں لگنے والی آگ سے بادام کی کاشت کی گئی فصل مکمل تباہ ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز قابض فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے شہر رام اللہ کے شمال مشرق میں واقع المغیر گاؤں میں فلسطینی باشندوں کے زرعی علاقے کو نشانہ بناتے ہوئے بھاری مقدار میں آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجےمیں فلسطینیوں کی ملکیت 14 ایکڑ پر پھیلی بادام کی فصل کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لےکرجلاڈالا ساتھ ہی شیلنگ سے علاقے میں مقیم افراد کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد بے ہوش ہوگئے۔
دوسری جانب اسی علاقے میں شرپسند یہودی آبادکاروں کے گروپ نے فلسطینیوں کے مویشیوں کی چراہ گاہوں پر بھی زہریلا اسپرے کردیا جس کے نتیجے میں مقامی باشندوں کی کئی بھیڑیں ہلاک ہوگئیں اور کئی جانور بیمار ہوگئے۔
واضح رہے کہ صہیونی آبادکار مسلسل گزشتہ کئی ماہ سے فلسطینیوں کی زمینیں ہتھیانے کے لیے انہیں مختلف طریقوں پر نقصان پہنچارہے ہیں۔