(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) حماس نے قابض صیہونی ریاست کو متنبہ کیا کہ مسجد اقصی کو یہودیانے اور قبلہ اول کی بے حرمتی کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے، صیہونی ریاست کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
گزشتہ روز یوم عرفہ کے موقع پر فلسطینی قوم کو حج اور عید کی مبارکباد دیتے ہوئے صیہونی ریاست کی دہشتگردی کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کا کہنا تھا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر تمام فلسطینی زیادہ سے زیادہ تعداد میں مسجد اقصیٰ اور دیگر مقدس مقامات پر اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں ۔
بیان میں صیہونی ریاست کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر صیہونی ریاست نے مسجداقصیٰ کے خلاف اپنی ریاستی دہشتگردی سے باز نہ آیا تو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی ، حماس نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )اور عرب لیگ سے مطالبہ کیا کہ قبلہ اول پر صیہونی دہشتگردی کے خلاف اپنی ذمہ داریاں سنبھالے اور صیہونی شرپسندی سے مسجد اقصیٰ اور مقدس شہر کی حفاظت کرے۔