(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج نے غیرقانونی تعمیرات کا جواز بنا کر ایک اور فلسطینی کا گھر مسمار کرکے خواتین اور بچوں سمیت خاندان کے 10 افراد کو بے گھر کردیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق صہیونی فوج نے گزشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کےشہر سلفیت کے قصبے قرت بنی حسن میں فلسطینی شہری قتیبہ راضی کے مکان پردھاوابولااور مکان کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے ہیوی مشینری کےذریعے مسمارکردیا جس کے باعث خواتین اور بچوں سمیت10 افراد بے گھر ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج نے خاندان کو کوئی پیشگی نوٹس جاری نہیں کیا تھا اور نا ہی ان کو گھر کا سامان نکالنے کی مہلت دی گی۔
واضح رہے کہ اسرائیلی انسانی حقوق کے گروپ بتسلیم کے مطابق ، 2006 سے لے کر 30 جون 2020 تک ، اسرائیل نے مغربی کنارے (مشرقی مقبوضہ بیت المقدس کے بغیر) میں کم از کم 1،584 فلسطینی مکانات مسمار کردیئے ، جس سے 6،880 افراد جن میں کم از کم 3،456 نابالغ بھی شامل ہیں اپنے گھروں سے محروم ہوگئے ۔