(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) سعودی مصنفہ نے اسرائیلی ٹی وی کو ا نٹر ویو میں کہا ہے کہ اسرائیلی لوگ میٹھے لوگ ہیں ہمارا دشمن اسرائیل نہیں ہے بلکہ ایران ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز اسرائیلی ٹی وی چینل "کان ” کو دیئے گئے ایک انٹر ویو میں سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی کارکن اور مصنفہ سعاد الشمری نے سعودیہ عرب اور اسرائیل کے ساتھ "اقتصادی ، ثقافتی اور تجارتی تعاون” کے آغاز کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی میٹھے لوگ ہوتے ہیں اور ہمیں ان کو اپنا دشمن نہیں سمجھنا چاہئے درحقیقت ہمارا دشمن ایران ہے ۔
انھوں نے اپنے انٹرویو میں سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات کو خوش آئند قرار دیا جبکہ ولی عہد محمد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد بن سلمان کی کوششوں سے تل ابیب اور الریاض کے درمیان تعلقات بڑھے ہیں ۔
واضح رہے کہ سعاد الشمری کا یہ پہلا انٹر ویو نہیں ہے جس میں انھوں نے صہیونی ریاست کی تعریف کی ہے اس سے قبل بھی انھوں نے اپنے ایک انٹر ویو میں اسرائیل کے دورے کو ایک خواب سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات مجھ سمیت بہت سے سعودی باشندوں کی خواہش ہے ۔