(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی وزیراعظم نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کیلئےمتعدد عرب ممالک کی کوششیں جاری ہیں اس سلسلے میں اب باقائدہ اعلان کرتے ہیں کہ مستقبل میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ عالمی وباء کورونا وائرس کے خلاف مشترکہ تحقیقاتی شعبے میں کام کریں گے۔
اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں فضائیہ کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتےہوئے صہیونی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ شروع ہونے والا سفر طویل ہے جو مضبوط رابطوں سے شروع ہوا ہے جو تحقیق ، ترقی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ہوگا جس سے خطے میں صحت کی صورتحال میں بہتری آئے گی ۔
اسرائیل کے ایک نیوز چینل 12 نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہونےو الے اس معاہدے میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ یوسی کوہن نے کلیدی کردار ادا کیا ہے ، اس معاہدے کے تحت قابض صہیونی ریاست اور متحدہ عرب امارات طبی کے شعبے میں مشترکہ تحقیقات کریں گے ۔
صہیونی وزیراعظم کے اس بیان کے بعد متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تحقیق ، ترقی اور ٹکنالوجی کے شعبوں میں "انسانیت کی خدمت اور بین الاقوامی تعاون کو مستحکم کرنے کیلئے متحدہ عرب امارات کی دو نجی کمپنیوں نے عالمی وباء کورونا وائرس کے خلاف ویکسین کی تیاری کیلئے اسرائیلی کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کیا ہے ہے ۔