(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) حماس رہنما نے کہا ہے کہ غرب اردن کے الحاق کے اسرائیلی ۔ امریکی صہیونی منصوبے کے خلاف فلسطینی قوم کو ہرمحاذ پرلڑنا ہوگا۔ یہ ایک تفصیلی جنگ ہے جس کے لیے پوری فلسطینی قوم اور تمام طبقات کو مل کر اس میں حصہ لینا ہوگا۔
اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن عزت الرشق نے صہیونی ریاست کی جانب سے غرب اردن کو اپنی عمل داری میں لانے کے فیصلے کی ایک بار پھر شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور امریکی اور صہیونی ریاست کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غرب اردن پر قبضے کی صورت میں ہمارے پاس اس کے سوا اور کوئی آپشن نہیں کہ ہم اسرائیلی پروگرام کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغاز کریں۔
انہوں نے کہا کہ الحاق کا اسرائیلی منصوبہ نیا نہیں بلکہ اس پر اس وقت عمل درآمد شروع ہوگیا تھا جب اسرائیل نے فلسطینی سرزمین پر پہلے یہودی کالونی قائم کی تھی، غرب اردن کے اسرائیل سے”الحاق” کے پروگرام کے خلاف فلسطینی قوم کے پاس تمام آپشن کھلے ہیں ۔