(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ )فلسطینی وزیراعظم کا کہناہے کہ مقبوضہ فسلطین میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اضافے کے بعد لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا اس دوران شادی بیاہ اور تعزیتی تقریبات سمیت ہر طرح کے اجتماعات پرپابندی ہوگی اور صرف دن کے اوقات میں بیکریوں، فوڈ اسٹورز ، فارمیسیوں اور فیکٹریوں کو کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے رام اللہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں کورونا وائرس کی عالمی وباء کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے بعد مغربی کنارے کےشہر الخلیل اور نابلس کو مکمل طور پر سیل کردیا ہے جس کے بعد شہروں میں شادی بیاہ اور تعزیتی تقریبات کے انعقاد پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الخلیل میں کورونا وائرس کے 49 کیسز جبکہ غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں 48 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، صرف الخلیل میں ہی کورونا وائرس کےمجموعی کیسز کی تعداد 258 ہوگئی ہے جس کے بعد ان علاقوں کو سیل کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے اندر 5 دن کے لیے سفری پابندی عائد کی جائے گی تاکہ طبی عملے کو وبائی امراض پر قابو پانے میں مددمل سکے۔اس موقعے پر صرف دن کے اوقات میں بیکریوں، فوڈ اسٹورز، فارمیسیوں اور فیکٹریوں کو کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
اتھارٹی کی جانب سے لاک ڈاؤن میں تمام علاقوں میں ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی ہوگی تاہم خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سخت کارروائی کی جائے گی ۔