(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) حماس کے سیاسی شعبے کے اہم رکن کا کہنا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے اور فلسطین کے دوسرے علاقوں پر صہیونی ریاست کی عمل داری اور خود مختاری کا قیام ایک سازش ہے فلسطینی قوم اور حماس اپنے ملک میں غیرملکی آباد کاروں کا وجود برداشت نہیں کرے گی اور اپنے حقوق کے حصول کیلئے اگر جنگ بھی کرنا پڑی تو گریز نہیں کرے گی۔
اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے نائب صدر صالح العاروری نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم اپنے دیرینہ اور مسلمہ حقوق سے پسپائی کو نہیں جانتے، حماس اور فلسطینی قوم اپنے حقوق اور مطالبات کے حصول کے لیے لڑائی بھی کرے گی۔
صالح العاروری نے کہا کہ ان کی جماعت اور فلسطینی قوم اپنے ملک میں غیرملکی آباد کاروں کا وجود برداشت نہیں کرے گی صہیونیوں کو فلسطین سے نکال باہر کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کریں گےیہاں تک کہ اگر ضرورت پڑی تو جنگ بھی کریں گے ، حماس اور فلسطینی قوم آزادی کے حصول کےلیے ہرقربانی دینے کے لیے تیار ہے ہمارا مستقبل روشن ہے ۔
فلسطینی اراضی کے الحاق کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل یکے بعد دیگرے فلسطینی اراضی پرامریکا کی مدد سے قبضہ مستحکم کرنا چاہتا ہے۔صدی کی ڈیل، القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قراردینا اور اب غرب اردن کے علاقوں پراسرائیلی خود مختاری کے قیام کا فیصلہ امریکا اور اسرائیل کا انتہائی خطرناک پروگرام ہے۔