(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) اسماعیل ھنیہ نے عرب ممالک میں "مصالحت اور امن گروپ” کے مندوبین کی جانب سے فلسطینی دھڑوں میں مفاہمت کی پیش کش کا خیر مقدم کیا ہے۔
دوحہ میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں جماعت کے وفد نے عرب امن گروپ کے مندوبین سے ملاقات کی، اس موقعے پر عرب امن مندوبین نے فلسطینی دھڑوں کے درمیان قومی مصالحت کی پیش کش کی۔
اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ حماس کسی بھی سطح پر فلسطینیوں کے درمیان مصالحت کے لیے ہونے والی جاندار اور موثر کوشش کا خیرمقدم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عرب ممالک فلسطینیوں کے درمیان صلح کے شدید خواہش مند ہیں اور اس حوالے سے مختلف فورمز پرکوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔
دوحا میں حماس کی قیادت سے ملاقات کرنے والے عرب امن گروپ وفد میں سمیر حباشنہ، علی ناصر محمد، اکرم عبداللطیف، فلاح النیقب، عبدالسلام المجالی، محمد الرمیحی، مروان الفاعوری اور عباس زکی شامل تھے۔حماس رہ نما نے کہا کہ ان کی جماعت فلسطینیوں میں مصالحت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کی دوسری قوتوں کو بھی قومی مصالحت کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔