(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ )گزشتہ سال کے دوران قابض صہیونی حکومت نے فلسطینیوں کے کم سے کم 170 مکانات مسمار کیے، کئی مکانات ان کے مالکان کے ہاتھوں زبر دستی مسمار کرائے جس کے باعث ایک ہزار سے زائدفلسطینی بے گھر ہوگئے۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی بلدیہ کے اہلکاروں نے فوج اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کے شمال میں واقع شعفاط پناہ گزین کیمپ میں راس شحادہ کالونی کے رہائشی دو بھائےی اسامہ حمد عقلم اور ایہان حسن علقم کے مکانات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسمار کردیا جس کے نتیجے میں ان گھروں میں مقیم خواتین اور بچوں سمیت 10 فلسطینی بے گھر ہوگئے۔
مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیم المیزان کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران قابض صہیونی فوج نے 170 سے زائد مکانات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسمار کیا ہے جس کے باعث فلسطینی خواتین اور بچوں سمیت ایک ہزار سے زائد شہری بے گھر ہوگئے ہیں ۔