(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض صہیونی حکومت نے صیہونی خاتون امیرہ ارون کو مصر میں صہیونی ریاست کی سفیر کے عہدے پر تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق قابض صہیونی ریاست اسرائیل کی وزارت خارجہ نے 29اکتوبر 2018ء کو اسرائیلی امیرہ ارون نامی خاتون کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ڈیوڈ گوورین کی جگہ سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اس کے بعد دو سال تک اس فیصلے پرعمل درآمد نہیں کیا جا سکا۔
واضح رہے کہ سابق سفیر گوورین کی مصر میں بہ طور سفیر خدمات مئی 2019ء کو ختم ہونے کے باوجود تل ابیب حکومت نے ایک سال سے زائد عرصے تک انہیں عبوری سفیرکےطورپر قاہرہ میں تعینات رکھا۔ امیرہ ارون اسرائیل کی ایک سفارت کار اور صہیونی ریاست کی مستشرقین میں شامل ہیں وہ عبرانی اورا نگریزی زبانوں کے ساتھ ساتھ عربی زبان پربھی عبور رکھتی ہیں ۔
اس سے قبل اورون عرب میڈیا کے لئے اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان کے عہدے پر فائز رہی ہیں، اور وہ گذشتہ برسوں میں ترکی اور مصر میں اسرائیلی سفارت خانوں میں کام کر چکی ہیں۔