(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل کے انتقال پر حماس کا کہنا ہے کہ فلسطینی قوم آج ایک عظیم مجاھد، لیڈر اور محب وطن مزاحمتی قائد سے محروم ہوگئی ہے۔
اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل رمضان عبداللہ شلح کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔
اپنے جاری بیان میں انھوں نے رمضان شلح کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم آج ایک عظیم مجاھد، لیڈر اور محب وطن مزاحمتی قائد سے محروم ہوگئی ہے ان کی وفات سے پوری قوم اس وقت شدید صدمے کی کیفیت میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابو عبداللہ رمضان شلح نے زندگی کا ایک بڑا حصہ تحریک آزادی فلسطین، مزاحمت، جہاد اور تدریس میں گذارا، وہ بہترین بھائی، دوست، لیڈر اور محب وطن رہ نما تھے۔ آج فلسطینی قوم ایک عظیم لیڈر سے محروم ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ اسلامی جہاد کے سابق سیکرٹری جنرل رمضان عبداللہ شلح گذشتہ روز 62 سال کی عمر میں بیروت میں انتقال کرگئے۔ وہ کئی سال سے بیروت میں علالت کے باعث صاحب فراش تھے اور تنظیمی اور مزاحمتی سرگرمیوں سے سبکدوش ہوگئے تھے۔