(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ماسکو غرب اردن کے اسرائیل سے الحاق کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اقدام سے دوریاستی حل میں پیچیدہ مسائل پید اہوں گے جبکہ خطے کا استحکام بھی متاثر ہوگا۔
تل ابیب میں روسی سفارت خانے کے فرسٹ سیکرٹری میخائل گرگینیا نے ایک بیان میں کہا کہ ماسکو نے اسرائیلی حکام کو بتا دیا ہے کہ روس غرب اردن پر اسرائیلی ریاست کی خود مختاری کے قیام کی مخالفت کرتا ہے اور اس فیصلے کو دو ریاستی حل کو ناکام بنانے اور خطے میں پائیدار امن کی کوششوں کو تباہ کرنے کے مترادف قرار دیتا ہے۔
اپنے بیان میں انھوں نے صیہونی ریاست سے غرب اردن کی خودمختاری کے فیصلے کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو غرب اردن کے اسرائیل سے الحاق کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتا ہے اسرائیلی اقدام سے مشرقی وسطیٰ کے امن کو دھچکا پہنچے گا جبکہ دوریاستی حل کی کوششیں بھی پیچیدہ مسائل سے دوچار ہوں گی ۔