(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حما س کا کہنا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں صیہونی فوج کے ہاتھوں ذہنی معذور فلسطینی کا بے رحمانہ قتل اور امریکا میں ایک سیاہ فام کا وحشیانہ قتل امریکا اور اسرائیل کے مکروۃ چہروں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں صیہونی مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے امریکی پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام شہری جارج فلوئڈ اور مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی پولیس کے ہاتھوں ذہنی معذور نہتے فلسطینی ایاد الحاق کو شہید کرنے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل پوری دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد، نسل پرست، انتہا پسندی کے حامی اور جرائم کو آئینی شکل دینے والے قابل نفرت ممالک ہیں۔
ان دونوں ممالک کی بے رحم پولیس کے ہاتھوں شہریوں کا بے رحمانہ اور حشیانہ قتل امریکا اور اسرائیل کے بھیانک چہروں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔
امریکا اور اسرائیل کے سیکیورٹی ادارے عالمی دہشت گرد ہیں۔ترجمان نے کہا کہ واشنگٹن اور تل ابیب اپنے سیکیورٹی اداروں کے جنگی جرائم پرپردہ ڈالنے اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں ملوث عناصر کو تحفظ دینے کے مرتکب ہیں۔ دہشت گردی کی پشت پناہی، اسے درآمد کرنے اور پوری دنیا میں دہشت گردی کو فروغ دینے میں امریکا اور اسرائیل پیش پیش ہیں۔