(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) شہبازشریف کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کو انصاف ملنے تک اقوام متحدہ کے کردارپر سوال رہے گا،اسرائیل اور بھارت انسانیت کے قاتل ہیں ، امت کی سطح پر مقبوضۃ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار ہونی چاہیے۔
اسلام آباد میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے یوم القدس پر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ سلام ہے فلسطینی شہداء کو جن کا لہوں دنیا سے انصاف کا تقاضہ کرتا ہے ۔
انھوں نے فلسطین پر قابض صیہونی ریاست اور کشمیر پرقابض انتہا پسند ہندوریاست بھارت کے مظالم پر اقوام متحدہ کی بے بسی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کو انصاف ملنے تک اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوال رہے گا۔
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کے قانونی حق کو اسرائیل اور بھارت پامال کررہے ہیں اور یہ دونوں ممالک انسانیت کے قاتل بن چکے ہیں، امت مسلمہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی قرض دار ہے، امت کی سطح پر فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار ہونی چاہیے۔ فلسطین اور کشمیر کے شہداء کو سلام ہے جن کا لہو دنیا سے انصاف کا تقاضا کرتا ہے۔