(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے اسرائیلی امور کے ماہر نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے نام پر مسجد اقصیٰ پر عائد کردہ پابندیاں دراصل مسجد اقصیٰ پر قبضے کی صیہونی سازشوں کا حصہ ہیں جس کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے۔
فلسطین کے اسرائیلی امور کے ماہر صالح النعامی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے متعدد پیغامات کے ذریعے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے یہودی انتہا پسند گروپوں کے اتحاد ‘تنظیمات ہیکل’ کے مشیر قانون افیعاد فیسولی مسجد اقصیٰ کی اراضی پرہیکل سلیمانی کی تعمیر کے اشتعال انگیزی دعوے کرتے ہیں اور اب عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث عائد کردہ پابندیوں نے اسرائیلی ریاست کو اپنے حربے اور ہتھکنڈے آگے بڑھانے کی راہ ہموار کی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مسجد اقصیٰ کو کرونا کی وجہ سے خالی چھوڑنا صہیونی انتہا پسند تنظیموں کو اپنے اشتعال انگیز جرائم کوآگے بڑھانے کا ماحول اور موقع فراہم کررہا ہے۔