(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض ریاست کی جانب سے کورونا وائرس کے عالمی بحران کے باوجود روزانہ کی بنیاد پر فلسطینیوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری۔
مقبوضہ بیت المقدس کے شہر رام اللہ میں محکمہ امور اسیران کے مطابق رواں سال قابض صیہونی ریاست نے روزانہ کی بنیاد پر چھاپوں کے دوران 600 سے زائدبے گناہ فلسطینیوں کو گرفتار کیا جبکہ حالیہ کورونا وائرس کےحوالے سےعالمی خدشات کے باوجود صیہونی حکام نےمقبوضہ بیت المقدس میں روزانہ کی گرفتاریوں اورمقامی فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھاہے۔
محکمہ امور اسیران نے تصدیق کی ہےکہ یہ گرفتاریاں دوسرے شہروں کے مقابلے میں مقبوضہ بیت المقدس میں سب سے زیادہ کی جارہی ہیں ۔
ذرائع کے مطابق صیہونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس سے آج بھی 13 فلسطینیوں کو گرفتار کیا جن میں نیشنل پیپلز کانگریس کے سکریٹری جنرل، بلال نتشہ اور ان کے دفتر کے ڈائریکٹر کے علاوہ مصنف اور انسانی حقوق کی کارکن رانیہ ھاتم ، اور صحافی تمر عبیدات بھی شامل ہیں،جبکہ گزشتہ روزبھی صیہونی فوج نے سات فلسطینی کارکنوں کو گرفتار کیاتھا۔