(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزیرصحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا، فلسطین میں کورونا کےمریضوں کی مجموعی تعداد 507 ہے۔
مقبوضہ فلسطین کے شہر رام اللہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فلسطینی وزیر صحت می کیلہ نے کہا کہ فلسطین میں کورونا کی وباء قابو میں ہے اور تقریبا100 مریض اس مرض سے مکمل صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو روانہ کردیئے گئے ہیں ۔
انھوں نے بتایا کہ مجموعی مریضوں میں 139 مریض غرب اردن کے شمالی شہروں اورپانچ غزہ کی پٹی سے ہیں جب کہ 259 مریض القدس سےتعلق رکھتے ہیں۔
فلسطینی خاتون وزیر صحت نے بتایا کہ الخلیل میں کرونا کے مزید پانچ مریض صحت یاب ہوگئے جب کہ غزہ سے دو اور القدس سے ایک اور مریض صحت یاب ہوا ہے۔می کیلہ کا کہنا تھا کہ فلسطین میں مجموعی طور پر 32 ہزار 200 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں 12 ہزار گھروں میں قرنطینہ کیے گئے ہیں۔