(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) جرمنی کی حکومت نے اسرائیل مخالف لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کو دہشت گردتنظیم قراردیتے ہوئے اپنے ملک میں اس تنظیم کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی ہے جس کے بعد جرمنی میں حزب اللہ سے تعلق رکھنے والی مساجد اور دفاتر پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
جرمن وزیرداخلہ هورسٹ زيهوفر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے لبنانی حزب اللہ کو ایک دہشتگرد جماعت قراردیتے ہوئے پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سے قبل یورپی یونین کی جانب سے حزب اللہ کے عسکری شعبے پر پابندی عائد کی گئی تھی تاہم اب حزب اللہ کے عسکری ، سیاسی اور دیگر تمام شعبوں پر ایک دہشتگرد تنظیم قراردیا گیا ہے اور ان کو ملک میں نقل حرکت کی اجازت نہیں ہے ۔
جرمن حکومت کے اس اقدام پر تبصرہ کرتے ہوئے ، جرمنی میں امریکی سفیر رچرڈ گرینل نے برلن کے موقف میں تبدیلی کا خیرمقدم کیا اور "یورپی یونین کے تمام ممبر ممالک سے بھی اسی طرح کی کارروائی کرنے” پر زور دیا۔
جرمنی کے حکمران اتحاد میں شامل دو جماعتوں نے لبنانی مزاحمتی تنظیم پر پابندی عائد کرنے کے مطالبے کے بعد کہا تھا کہ حزب اللہ ملیشیا کو یورپی یونین کی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا جانا چاہیئے۔