(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی زندانوں میں مجموعی طورپر 552 فلسطینی عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں جن میں سے اکثریت کی گرفتاری کے وقت عمر 25 سال سے کم تھی۔
فلسطینی قیدیوں کی تفصیلات فراہم کرنے والے ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس وقت صیہونی عقوبت خانوں میں 552 فلسطینی باشندے عمر قید کی سزائیں کاٹ رہے ہیں جن میں سے اکثر کی عمریں گرفتاری کے وقت 25 سال سے کم تھی جو اب ادھیڑ عمر ہوچکے ہیں۔
کلب برائے اسیران کے ڈائریکٹر منتصر سمورنے بتایا کہ جنین سے تعلق رکھنے والے نزیہ محمد نجیب زید کو عمر قید کی سزا کا سامنا ہے اور وہ اب تک صیہونی زندان میں اپنی زندگی کے بیس سال گزار چکا ہے ۔
ڈائریکٹر منتصر سمور نے صیہونی عقوبت خانوں میں قید فلسطینیوں کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی جیلوں میں دیگر قیدیوں میں جنین کے نواحی علاقے جبع کے رہائشی اشرف حسنی محمد علاونہ اور یوسف خلیلیہ بھی شامل ہیں جن کو 20 ، 20 سال قید کی سزا دی گئی ہے جبکہ جنین پناہ گزین کیمپ کے رہائشی علی راش ابراہیم القیسی صیہونی زندان میں اپنی زندگی کے 17 سال مکمل کرچکے ہیں ۔