(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوجی عدالت نے 25 سال قید کی سزا پانے والے فلسطینی کی حالت انتہائی خراب ہے ، صیہونی جیل میں اس کو ایک سال کے دوران دو مرتبہ فالج کا حملہ ہوا تاہم علاج کے نام پر صیہونی جیل حکام کی جانب سے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ جاری ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس کے شہر جنین میں فلسطینی قیدیوں کے امور کے ڈائریکٹر منتصر سمور کا کہنا ہے کہ جنین کے جنوبی قصبے مرکہ کے رہائشی شادی موسیٰ کی اسرائیلی عقوبت خانوں میں حالت تشویشناک ہے ، انھوں نے بتایا کہ گرفتاری کے وقت اسرائیلی فوج کی جانب سے اس کے سرمیں گولی لگی جس کے باعث وہ کئی ماہ اسپتال میں زیر علاج رہا وہ دل کی تکلیف کے عارضے میں بھی مبتلا ہے جبکہ گزشتہ سال 2019 میں ایک سال کے دوران اس پر دو مرتبہ فالج کا حملہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جیل حکام شادی موسیٰ کے علاج معالجےکے حوالے سےمجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کررہے ہیں جس کے باعث اس کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں ۔