(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کا کہنا ہے کہ غزہ میں طبی امداد کی ترسیل کو صیہونی فوجیوں کی رہائی سے مشروط کرنا انتہائی گھناونی بلیک میلنگ ہے جسے ہم اسے ہرگز قبول نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے غزہ سربراہ یحی السنوار نے گزشتہ روز الاقصیٰ ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹر ویو میں صیہونی وزیردفاع نفتالی بینیٹ کی جانب سے غزہ میں قید اسرائیلی فوجیوں کی رہائی کے بعد کورونا وائرس سےبچاؤ کے طبی امداد کو آنے کی اجازت دینے کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طبی امداد کی ترسیل کو صیہونی فوجیوں کی رہائی سے مشروط کرنا انتہائی گھناونی بلیک میلنگ ہے اور ہم اسے ہرگز قبول نہیں کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ صیہونی ریاست کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے بارے میں مذاکرات کا سلسلہ نام نہاد امن منصوبہ صدی کی ڈیل کے بعد سے معطل ہے۔
دوسری جانب ‘حماس’ کے ترجمان فوزی برھوم نے کہا ہے کہ غزہ میں جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ یحییٰ السنوار نے اسرائیل کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل کے لیے جو فارمولہ پیش کیا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ حماس صیہونی ریاست کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل کے لیے سنجیدہ ہے.