(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے عالمی وباء کورونا وائرس کے پھیلاؤ کور وکنے کیلئے ملک میں جاری لاک ڈاؤن کے باعث سرگرمیوں کو معطل کرکے ارض فلسطین مہم سوشل میڈیا پر چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی وباء سے بچاؤ کیلئے جاری لاک ڈاؤن کے باعث فلسطین فاؤنڈیشن نے اجتماعی سرگرمیوں کو معطل کردیا ہے اور اس ضمن میں 30 مارچ 2020 کو "ارض فلسطین ” سوشل میڈیا مہم چلانے کا اعلان کیا ہے جس میں پاکستان بھر کے سیاسی و مذہبی رہنما ویڈیو پیغام کے ذریعہ یکجہتی فلسطین کا پیغام دیں گے جبکہ عوام بھی اپنے پیغام ریکارڈ کرکے ارسال کرسکتے ہیں ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا وطن ہے فلسطینی باشندے امریکہ و اسرائیل کے مظالم کا تنہا مقابلہ کر رہے ہیں، مقبوضہ فلسطین کاشہر غزہ تیرا سالوں سے مسلسل صیہونی محاصرے میں ہے اور عالمی برادری خاموش ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کو صیہونی مظالم کے ساتھ اب عالمی وباء کورونا وائرس کا بھی سامنا ہے تاہم فلسطین میں کورونا وائرس سے زیادہ خطر ناک صہیونی جعلی ریاست اسرائیل ہے۔
پاکستان کو بھی عالمی وباء کورونا وائرس کا سامنا ہے تاہم اس مشکل وقت میں بھی مقبوضہ فلسطین کے مظلوموں کو نہیں بھولیں گے، یہی بابائے قوم قائد اعظم اور حکیم الامت علامہ اقبال کا نظریہ ہے کہ اسرائیل ایک غاصب اور جعلی ریاست ہے۔