(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) نہتے فلسطینیوں پر قابض صیہونی ریاست کے مظالم ساری دنیا کے سامنےہیں جبکہ اب صہیونی فوج اور پولیس نے انسداد کورونا وباء کی روک تھام کی مہم کے نام پر فلسطینی شہریوں پرعرصہ حیات مزید تنگ کردیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق قابض صیہونی پولیس نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں باب الاسباط کے مقام پر دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے والی عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے جراثیم کش اسپرے کرنے والے چار فلسطینی نوجوانوں کو گرفتارکرکے بیت المقدس میں باب الخلیل میں قائم القشلہ پولیس سینٹر منتقل کردیا۔
واضح رہے کہ قابض صیہونی ریاست کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے کیلئے آئے روز نت نئے طریقہ کار کا استعمال کیا جاتا ہے ، حالیہ ہی انسداد کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر صیہونی فوج نے مسجد اقصیٰ کے اطراف سے متعدد فلسطینی باشندوں کو گرفتارکرکے جیل منتقل کردیا تھا ۔