(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) عرب لیگ کا کہنا ہے کہ صیہونی عقوبت خانوں میں غیرانسانی ماحول میں قید ہزاروں فلسطینیوں کو عالمی وبا کورونا سے شدید خطرہ ہے ،انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور عالمی برادری فلسطینی قیدیوں کی رہائی کیلئے صیہونی ریاست پر دباؤ ڈالیں ۔
عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے معان برائے فلسطینی امور سعید ابو علی کی جانب سے اسرائیلی جیلوں میں قید چار فلسطینیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی اطلاعات کے بعد جاری بیان میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل پرفلسطینی قیدیوں کی فوری رہائی کے لیے دبائو ڈالیں، عرب لیگ نے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ نئے کرونا وائرس کے نتیجے میں اسرائیلی عقوبت خانوں میں غیرانسانی ماحول میں قید ہزاروں فلسطینیوں کی زندگیوں کوخطرہ ہے۔
جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی عقوبت خانوں میں پابند سلاسل فلسطینیوں کو کورونا کی وباء سے خطرہ ہے، اس وباء سے قیدیوں کو بچانے کے لیے ان کی رہائی کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے۔
یہ وائرس انہیں ایک اسرائیلی تفیش کار کے ذریعے لگا ہے۔
سعید ابو علی کا کہنا تھا کہ فلسطینی قیدیوں کی زندگیاں بچانے کے لیے ان کی صیہونی جیلوں سے رہائی انسانی حقوق اور بنیادی قوانین کا تقاضا ہے، غیر قانونی قابض ریاست اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے زیرحراست تمام فلسطینی قیدیوں کو فورا رہا کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی زندانوں میں چھ ہزار سے زاید فلسطینی قید ہیں، ان میں 50 خواتین، 350 بچے اور سیکڑوں انتظامی قیدی ہیں جبکہ ڈیڑھ ہزار کے قریب فلسطینی قیدی مختلف امراض کا شکار ہیں۔